سری نگر ، 29؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستانی فوجیوں نے آج کنٹرول لائن کے پاس دو بارجنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور جموں کشمیر کے نوگام سیکٹر اور پونچھ اضلاع میں فائرنگ کی۔دو دنوں کے اندر پاکستان کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا یہ تیسرا واقعہ تھا ۔فوج کے ایک افسر نے سری نگر میں بتایاکہ پاکستانی فوجیوں نے صبح قریب 7 بجے بغیرکسی اشتعال کے نوگام سیکٹر میں واقع ہندوستانیوں چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کردی ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوجیوں نے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر کا استعمال کیا، لیکن کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے فوجیوں نے تحمل سے کا م لیا اور اب تک جوابی کارروائی نہیں کی ہے ۔آج جنگ بندی کی خلاف ورزی کا دوسرا واقعہ مینڈھر سیکٹر میں پیش آیا ۔جموں میں ایک سینئر پولیس افسر نے بتایاکہ صبح تقریبا ساڑھے چار بجے ضلع کے مینڈھر میں واقع بالنوئی سرحدی علاقے میں کنٹرول لائن سے متصل پیشگی علاقوں پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی۔حالانکہ کہ انہوں نے بتایا کہ اس فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔کل پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن سے متصل سبزیاں سرحدی علاقے میں پاکستانی فوجیوں نے چھوٹے ہتھیاروں سے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔اڑ ی دہشت گردانہ حملے کے دو دن بعد پاکستانی فوجیوں نے 20؍ستمبر کو کشمیر کے اسی سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی اور چھوٹے ہتھیاروں سے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔6 ؍ستمبر کو پونچھ ضلع میں کنٹرول لائن کے قریب پاکستانی فوج نے 120ملی میٹر کے مارٹر بموں سے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔2ستمبر کو پاکستانی فوجیوں نے جموں ضلع کے اکھنور سیکٹر میں کنٹرول لائن سے ملحقہ پیشگی فوجی چوکیوں پر فائرنگ کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔